اڈپی،31؍ اگست (ایس او نیوز) بدنام زمانہ گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو ریپ اور مرڈر معاملے میں سزائے عمر قید بھگتنے والے 11 مجرموں کو گجرات ہائی کورٹ کی طرف سے رہائی دینے کے خلاف اڈپی ضلع کانگریس اور اڈپی ضلع راجیو گاندھی پنچایت راج اداروں کی طرف سے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا اور ان تمام مجرموں کو دوبارہ گرفتار کرکے جیل بھیجنے کا مطالبہ کیا ۔
اجرکاڈ میں واقع شہید چوک کے پاس منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں خطاب کرتے ہوئے سینئر کانگریسی لیڈر ویرونیکا کرنیلیو نے مطالبہ کیا گیا کہ ان رہا کیے گئے مجرمین کو دوبارہ گرفتار کرکے نہ صرف انہیں جیل بھیجا جائے بلکہ ان کی عمر قید کی سزا کے بدلے انہیں پھانسی کی سزا دی جائے ۔ اگر ایسا ہوا تو یہ بات ثابت ہوسکے گی کہ ابھی اس ملک میں عدالت اور انصاف باقی ہے ۔
ادیاور ناگیش کمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح گھناونے جرم میں ملوث مجرموں کی رہائی کا واقعہ ہمارے اس تصور کے برخلاف ثابت ہوا ہے کہ ہم مہذب اور شائستہ سماج میں جی رہے ہیں ۔ جب تک سماج ایسے گھناونے جرائم پر خاموشی اختیار کرے گا تب تک ایسے جرم ہوتے رہیں گے ۔
اس موقع پر پارٹی کے لیڈران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔